ایس آئی بھرتی اسکیم :سی بی آئی نے33 ملزمان کے خلاف کیس درج کیا

سری نگر، جموں اور بنگلورو میں30 مقامات پر چھاپہ ماری

سری نگر،اگست۔ سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے جمعے کے روز سری نگر، جموں اور بنگلور میں 30 مقامات پر چھاپے ڈالے اور اہم کاغذات کو ضبط کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سی بی آئی نے سروسزسلیکشن بورڈ کے سابق سیکریٹری ، ممبر ،بی ایس ایف کے میڈیکل آفیسر اور جس پرائیوٹ کمپنی نے امتحانات منعقد کروائے اُس کے ذمہ داروں سمیت 33 ملزمان کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ بتادیں کہ سروسز سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی ) کی جانب سے سب انسپکٹر اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر تحریری امتحان لیا گیا اور کئی ماہ کے بعد جب حتمی لسٹ کو منظر عام پر لایا گیا تو اس پر سوالات اُٹھنے لگے جس کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرانے کے احکامات صاد رکئے۔ یو این آئی اردو کے مطابق سینٹرل بورڈ آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے جمعے کے روز سری نگر، جموں اور بنگلور سمیت 30مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران اہم کاغذات کو ضبط کیا گیا۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق ایس آئی امتحانات میں دھاندلیوں میں مبینہ طور پر ملوث 33 افراد کے خلاف باضابط طورپر مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان میں بی ایس ہیڈ کواٹر پلورا جموں کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کرنیل سنگھ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اشوک کمار، سابق سی آر پی ایف آفیسر اشونی کمار، ای ڈی یو میکس کلاسز اکھنور کے مالک اونیش گھپتا، منیجر اکشے کمار، آر ٹی استاد روشن برال، سروسز سلیکشن بورڈ کے سابق ممبر کے اے ایس آفیسر نارائن دھت، سابق سیکریٹری ایس ایس بی بشن داس، سابق سیکشن آفیسر انجو رینہ ، میرٹ ٹریک سروسز پرائیوٹ لمیٹیڈ بنگلورو سمیت مزید 33افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا ۔ سی بی آئی بیان کے مطابق سب انسپکٹر امتحانات میں دھاندلیوں کے بعد باضابط طورپر ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ بتادیں کہ امسال 27مارچ کو سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے سب انسپکٹر اسامیوں کو پُر کرنے کی خاطر تحریری امتحانات لیا گیا اور 4 جون کو لسٹ منظر عام پر لایا گیا ۔ جوں ہی لسٹ منظر عام پر آیا تو اُس پر سوالات اُٹھنے لگے کیونکہ ایک ہی گھر کے چار چار افراد کو سلیکشن لسٹ میں منتخب پایا گیا جس کے بعد جموں اور سری نگر میں اُمیدواروں نے احتجاجی مظاہرئے شروع کئے۔ احتجاج کے بیچ جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے تین نفری کمیٹی تشکیل دی جنہیں ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کے بارے میں حکم دیا گیا ۔ کمیٹی نے جو رپورٹ ایل جی کو سونپی اس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ امتحانات کے دوران بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئیں جس کے بعد منوج سنہا نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صاد رکئے۔ تحقیقات کے دوران پایا گیا کہ سروسز سلیکشن بورڈ کے بعض آفیسران اور جس کمپنی نے امتحانات کو منعقد کروایا کے درمیان ساز باز ہونے کے بارے میں پتہ چلا ۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ جموں ، راجوری اور سانبہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے اُمیدواروں نے صد فیصد نمبرات حاصل کئے جس پر امیدواروں نے سوالات اُٹھاتے ہوئے بتایا کہ صد فیصد نمبرات سے پاس ہونا ناممکن ہے ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کی گئی اور بہت جلد گرفتاریاں بھی متوقع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی امتحانات کے پرچے بھاری رقومات کے عوض اُمیدواروں میں فروخت کئے گئے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق 15سے 20لاکھ روپیہ میں ایک اُمیدوار کو ایس آئی امتحان کا پرچہ فروخت کیا گیا جس وجہ سے قابل اور محنتی اُمیدواروں کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں بعض سیاستدانوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں اور اُن سے بھی پوچھ تاچھ کرنے کو ذرائع نے خارج از امکان قرا ر نہیں دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں میں مختلف آفیسران کے گھروں پر چھاپہ ماری کے دوران اہم کاغذات سی بی آئی کے ہاتھ لگے ہیں۔

Related Articles