آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ روسایا انتقال کر گئے

حیدرآباد، دسمبر۔ غیر منقسم آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی اور تمل ناڈو کے سابق گورنر کنیجیتی روسایا کا ہفتہ کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔خاندانی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ مسٹر روسایا نے آج صبح آخری سانس لی۔ اچانک ان کی نبض سست ہونے کے بعد انہیں امیرپیٹ کی رہائش گاہ سے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔مسٹر روسایا کا جسد خاکی گاندھی بھون، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر میں رکھا جائے گا، تاکہ لوگ ان کا آخری دیدار کرسکیں۔ ان کی آخری رسومات اتوار کو شہر کے جوبلی ہلز علاقے کے مہاپرستھانم میں ادا کی جائیں گی۔دریں اثنا، تمل ناڈو کے وزیراعلی ایم کے اسٹالن اور تلنگانہ کے انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر کے ٹی راما راؤ نے سابق وزیراعلی کی موت پر تعزیت کی۔مسٹر روسایا آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع کے تینالی منڈل کے ویمورو گاؤں میں ایک متوسط ​​ہندو گاورا کوماتی ویشیا خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گنٹور ہندو کالج آف کامرس سے گریجویشن کیا۔ جب وہ گنٹور ضلع پریشد ہائی اسکول میں پڑھ رہے تھے تو انہیں طالب علم رہنما کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ سیاست میں آگئے۔مسٹر روسایا کو 18 مواقع پر غیر منقسم آندھرا پردیش میں ریاستی بجٹ پیش کرنے کا منفرد اعزاز حاصل تھا۔

Related Articles