آریان کی حراست کے دوران شاہ رخ نے کہا ہمیں بڑا مجرم بناکر پیش کیا جا رہا ہے، بھارتی افسر

ممبئی،جون ۔بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے گزشتہ برس اکتوبر میں ممبئی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ایک کروز شپ پر نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے چھاپے میں اپنے بیٹے کی گرفتاری اور بعدازاں ضمانت پر رہائی کے بعد سے نہایت صبر و ضبط کے ساتھ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔میڈیا کے مطابق جب آریان کو گرفتار کیا گیا تو ایک موقع پر نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے ایک افسر سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی جذباتی انداز میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ہمیں اس طریقے سے پیش کیا جارہا ہے جیسے کہ ہم بہت بڑے مجرم اور گناہ گار ہیں جو معاشرے کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں این سی بی کے افسر سنجے سنگھ جو اس کیس کی تحقیقات کررہے تھے، میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ گرفتاری کے بعد شاہ رخ نے ان سے ملاقات کرکے درخواست کی کہ انہیں آریان سے ملاقات اور اس کے ساتھ رات کو رہنے کی اجازت دی جائے۔شاہ رخ کا کہنا تھا کہ انہیں آریان کی جسمانی اور ذہنی بہتری کے حوالے سے تشویش ہے، تاہم انہیں رہنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس موقع پر آنسوؤں سے لبریز آنکھوں کے ساتھ شاہ رخ خان نے افسر سے کہا کہ ہمیں مجرم اور گناہ گار بناکر پیش کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ این سی بی نے حال ہی میں 24 سالہ آریان خان کو اس کیس میں بے گناہ قرار دے دیا، جبکہ چارج شیٹ میں بھی آریان کا نام شامل نہیں تھا۔

Related Articles