انگلینڈ کی امیدیں بارش میں دھل گئیں

میلبورن، اکتوبر۔ اینڈریو بالبرنی (62) کی نصف سنچری کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ نے بدھ کو بارش سے متاثرہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے میچ میں انگلینڈ کو پانچ رن سے شکست دے دی۔تاخیر سے شروع ہوئے سپر 12 مرحلے میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو 158 رن کا ہدف دیا ۔ جواب میں انگلینڈ نے 14.3 اوور میں 105 رن بنائے تاہم بارش کے باعث میچ یہیں روک دیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے مطابق انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 14.3 اوور میں 110 رن تک پہنچنا تھا۔ مقررہ وقت تک بارش نہ رکنے کے بعد میچ یہیں ختم کردیا گیا اور آئرلینڈ پانچ رن سے جیت گیا۔آئرلینڈ نے روایتی حریف انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی جیت درج کی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹاپ ٹورنامنٹ میں صرف ایک بار آمنے سامنے ہوئی تھیں جہاں بارش کے باعث میچ منسوخ کرنا پڑا تھا۔آئرلینڈ نے اسکور کا دفاع کرتے ہوئے جوس بٹلر، ایلکس ہیلز اور بین اسٹوکس کو 29 رنز پر پویلین بھیجا۔ ڈیوڈ ملان اور ہیری بروک نے چوتھی وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت قائم کی لیکن رن ریٹ بڑھانے میں ناکام رہے۔ بروک نے 21 گیندوں پر 18 جبکہ ملان نے 37 گیندوں پر 35 رنز جوڑے۔ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے معین علی نے 12 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر رن ​​ریٹ بڑھتے ہی بارش شروع ہوگئی ۔ انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت مقررہ ہدف سے پانچ رنز پیچھے ہونے کے سبب شکست کا سامنا کرنا پڑااور آئرلینڈ نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔آئرلینڈ کا اگلا مقابلہ افغانستان سے ہے جبکہ انگلینڈ کا اپنا اگلا میچ آسٹریلیا سے ہے۔

Related Articles