امیتابھ کا عرفان خان کے بیٹے بابل کے نام جذباتی خط
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے ورسٹائل اداکار عرفان خان مرحوم کے بیٹے بابل خان کے نام ایک جذبات سے بھرپور خط تحریر کیا ہے، جس میں ان کے والد کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین انسان اور اداکار قرار دیا۔یاد رہے کہ عرفان خان مرحوم جن کا تقریباً دو برس قبل (29 اپریل 2020) انتقال ہوگیا تھا، انہوں نے 2015 میں امیتابھ بچن کے ساتھ فلم پیکو میں کام کیا تھا، جس میں ان دونوں کے علاوہ دیپکا پدوکون بھی شامل تھیں۔امیتابھ بچن کا یہ خط جوکہ بابل نے اپنے انسٹا گرام ہینڈل پر جمعہ کو شیئر کیا۔ 17 مارچ 2022 کو لکھے گئے اس خط میں میں لیجنڈری اداکار نے کہا کہ دوستی موت کے بعد بھی برقرار رہتی ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ آپ کے والد عظیم انسان تھے اور جو لوگ بھی ان سے ملے وہ انہیں بہت اچھے انسان کے طور پر یاد کرتے اور ان کی کمی بہت زیادہ محسوس کرتے ہیں۔امیتابھ بچن کے اس خط پر ان کے دستخط کے علاوہ بابل خان نے پورا مواد اپنی پوسٹ میں شیئر کیا ہے۔خط میں امیتابھ بچن نے انہیں مائی ڈیئر بابل کہہ کر مخاطب کیا، جبکہ انہوں نے بابیل، ان کی والدہ سوتاپا سکدر اور چھوٹے بھائی آیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔