امریکہ: کووڈ سے متاثرہ ہر پانچ میں سے ایک شخص کو طویل علامات کا سامنا

واشنگٹن ،جون۔امریکی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ کووڈ کا شکار ہونے والے ہر پانچ میں سے ایک امریکی میں اب تک بیماری کے منفی اثرات موجود ہیں۔ اس چیز کو سائنسی اصطلاح میں "لانگ کووڈ” یعنی طویل کووڈ کا نام دیا جا رہا ہے۔ خبروں کے مطابق ، رواں ماہ کے پہلے دو ہفتوں یعنی یکم سے 13 جون کے درمیان مردم شماری کیامریکی ادارے نے اس عوامی رائے کے جائزے کے اعداد و شمار جمع کیے، جبکہ موذی امراض پر تحقیق کرنے والے وفاقی ادارے” سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن( سی ڈی سی )نے اِسکا تجزیہ کیا۔اس سروے کے مطابق ہر تیرہ میں سے ایک امریکی بالغ میں جنہیں پہلی بار یہ وبا لاحق ہوئی "لانگ کووڈ” کی علامات تین ماہ یا زائد عرصے تک موجود رہتی ہیں اور یہ علامات کووڈ 19ہونے سے پہلے موجود نہیں تھیں۔عمومی طور پر اِن "طویل علامات” میں تھکاوٹ، دل کی تیز دھڑکن،سانس میں دشواری، یاداشت میں کمی ،دائمی درد اور پٹھوں کی کمزوری وغیرہ شامل ہیں۔ یہ علامات جو بہت کمزوری پیدا کرتی ہیں، ابتدائی انفیکشن سے صحتیاب ہونے کے بعد بھی کئی ہفتوں یا مہینوں تک جاری رہتی ہیں۔سی ڈی سی کے تجزیے سے یہ پتہ چلا کہ نوجوانوں میں بڑی عمر کے افراد کی نسبت کووڈ کے بعدمستقل علامات موجود رہنے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے۔جبکہ مردوں کے مقابلے میں خواتین میں طویل کووِڈ ہونے کا امکان زیادہ رہا۔اِس سروے میں مختلف نسلی گروہوں میں طویل کووڈ کی علامات کا جائزہ بھی پیش کیا گیا، جسکے مطابق تقریباً نو فیصدہسپانوی امریکی بالغوں کوطویل کووِڈکا سامنا ہے جو غیر ہسپانوی سفید اور سیاہ فام بالغوں سے زیادہ شرح رہی، جبکہ ایشیائی بالغوں کے مقابلے میں یہ دوگنا زیادہ ہے۔مختلف امریکی ریاستوں میں لانگ کووڈ کی علامات کے حوالے سے اعداد و شمار بھی اِس رپورٹ میں شامل ہیں جن کے مطابق الاسکا،کینٹکی اور الباما کی بالغ آبادی میں کووڈ کی طویل علامات کی سب سے زیادہ شرح رپورٹ کی گئی۔ دوسری جانب ورجینیا ، میری لینڈ اور ہوائی کی ریاستوں میں یہ شرح کم رہی۔اِس سروے میں اٹھارہ سال یا زائد عمر کے ایسے افراد کو شامل کیا گیا، جنہیں کووڈ ہونے کے بعد کبھی بھی طویل علامات کا سامنا کرنا پڑا، اور وہ بھی جو اب تک اْنہیں محسوس کر رہے ہیں۔سی ڈی سی کے مطابق امریکہ میں اب تک کووڈ19۔ کے8 کروڑ 63 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، اور اس وبا کے ہاتھوں دس لاکھ سے زائد افراد زندگی کی باز ہار گئے۔ پانچ سال سے زیادہ عمر کی 83 فیصد آبادی نے کووڈ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لی ہے۔امریکہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کیلئے بھی کووڈ ویکسین کی منظوری دے دی گئی ہے۔

Related Articles