القسام نے حساس نوعیت کا اسرائیلی جاسوس ڈرون قبضے میں لے لیا

غزہ،جنوری۔اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے غزہ کی فضا میں اسرائیل کے جاسوسی کے لیے بھیجے گئے ایک جاسوس ڈرون کوقبضے میں لے کراس سے حساس معلومات حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے حالیہ جارحیت کے دوران ایک صہیونی جاسوس ڈرون کو اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا اور اس سے حساس معلومات حاصل کی تھیں۔القسام کے بیان جسے اس نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کیا ہے میں کہا ہے کہ خدا کی مدد اور کامیابی سے، شہید عزالدین القسام بریگیڈز غزہ کی پٹی کے خلاف حالیہ جارحیت کے دوران جمعہ 05 رجب 1444 ہجری بمطابق 01/27/2023ء ایک صہیونی ڈرون کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہے۔ یہ جاسوس ڈرون غزہ کی پٹی کے اندر خصوصی مشن پر تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ہمارے انجینیرز اسرائیلی ڈرون سے نمٹنے اور اس سے دشمن قوتوں کے بارے میں اہم اور حساس معلومات حاصل کرنے میں کامیاب رہے‘‘۔القسام بریگیڈز کے انکشاف کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ فوج نے ہفتے کے آخر میں ایک آپریشنل سرگرمی کے دوران غزہ کی پٹی میں ڈرون بھیجا تھا۔اسرائیلی قابض فوجی ریڈیو نے کہا کہ معلومات لیک ہونے سے سکیورٹی اور فوجی حلقوں میں خوف پایا جاتا ہے۔گذشتہ جمعے کی صبح اسرائیلی قابض طیاروں نے جنین کیمپ کے قتل عام کے چند گھنٹے بعد غزہ کی پٹی پر حملے کیے۔ جنین میں اسرائیلی فوج کی کارروائی میں 10 افراد شہید ہوئے تھے۔

Related Articles