اقتصادی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے ‘بھارت جوڑو یاتراکی تحریک: کھڑگے
نئی دہلی، جنوری ۔ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو معاشی نابرابری کو بڑھانے کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اس عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے بھارت جوڑو یاترا کی تحریک دی ہے۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا عام شہری معاشی نابرابری کی گہری کھائی میں پھنس گیا ہے اور ملک کی اکثر دولت چند مخصوص لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے۔ بی جے پی کے ذریعہ ملک کے عوام پر تھوپے گئے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کی شکل میں ملک گیر تحریک شروع کی ہے۔مسٹر کھڑگے نے ٹویٹ کیا، ‘بی جے پی نے معاشی عدم مساوات کے فرق کو اتنا بڑا کردیا ہے کہ ملک کا عام آدمی اس میں پھنستا چلا جا رہا ہے۔ ہندوستان میں سب سے امیر ترین ایک فیصد لوگ ملک کی 40 فیصد سے زیادہ دولت کے مالک ہیں، جبکہ نصف آبادی کے پاس صرف تین فیصد دولت بچی ہے۔