افغانستان کے مزار شریف میں دھماکا، ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک، 5 صحافی زخمی

کابل، مارچ ۔افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں بم دھماکے میں ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور صحافیوں کے ایک گروپ سمیت کئی بچے زخمی ہوگئے۔فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ مزار شریف کے ایک ثقافتی مرکز میں افغانستان کے میڈیا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران ہوا، پولیس نے بتایا کہ دھماے میں ایک سیکورٹی گارڈ ہلاک اور 5 صحافی زخمی ہوگئے۔ترجمان بلخ پولیس محمد آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکے میں کچھ صحافی شدید زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔دھماکے میں زخمی ہونے والے صحافی عارف نے کہا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب طالبان کے ایک عہدیدار کی تقریر کے چند منٹ بعد بچوں کا ایک گروپ ترانہ پڑھ رہا تھا۔واضح رہے کہ 2 روز قبل افغانستان کے صوبہ بلخ کے طالبان گورنر محمد داؤد مزمل اپنے دفتر میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے، جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی تھی۔پولیس ترجمان نے بتایا تھا کہ بلخ کے گورنر محمد داؤد مزمل سمیت 2 افراد دھماکے میں مارے گئے۔داؤد مزمل اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کی صورتحال میں مارے جانے والے طالبان کے اعلیٰ ترین عہدے داروں میں سے ایک ہیں۔انہیں ابتدائی طور پر مشرقی صوبے ننگرہار کا گورنر مقرر کیا گیا تھا جہاں انہوں نے داعش کے خلاف لڑائی کی قیادت کی تھی، بعد ازاں گزشتہ برس انہیں صوبہ بلخ کا گورنر بنایا گیا تھا۔خیال رہے کہ طالبان کے دورِ اقتدار میں آنے کے بعد سے داعش نے افغانستان میں کئی بڑے حملے کیے ہیں جس میں عام شہریوں سمیت طالبان رہنماؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

 

Related Articles