اعظم خان کو پی ایس پی میں شامل ہونے کی شیوپال کی پیشکش

رامپور:وبر۔ پرگتی شیل سماج وادی پارٹی(پی ایس پی) کے صدر شیوپال سنگھ یادو نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر لیڈر و رکن پارلیمان اعظم خان کو پی ایس پی کی رکنیت حاصل کرنے کی پیش کش کی ہے۔اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پوری ریاست میں رتھ یاترا کے دوران بدھ کو رام پور پہنچے شیوپال نے کہا کہ اعظم خان کے لئے پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ مالی بے ضابطگیوں سے جڑے مختلف معاملات میں عدالتی کاروائی کا سامنا کررہے اعظم خان ان دنوں جیل میں ہیں۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کے ساتھ سیاسی ٹکراؤ کے بعد اپنی نئی پارٹی بنانے والے شیوپال آنے والے اسمبلی انتخابات میں ایس پی سے اتحاد نہ ہونے کی صورت میں سبھی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ پی ایس پی کے انتخابی رتھ یاترا کے ساتھ رام پور پہنچنے پر یادو نے کہااعظم خان اگر پی ایس پی میں شامل ہونگے تو ہم ان کے استقبال کو تیار ہیں۔ اعظم کے شمولیت کے سوال پر انہوں نے کہاآپ بات کر کے بتا دیجئے اگر ہو تیار ہیں تو ہم تیار ہیں۔یادو نے کہا کہ اعظم خان کے ساتھ حکومت بدلے کے جذبے کے ساتھ کاروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں سچ بولنے والوں کے اوپر کاروائی کی جارہی ہے۔ انہیں جیل میں ڈالا جارہا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اپیل کی کہ سبھی چھوٹی پارٹیاں مل کر ساتھ چلیں تاکہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومتوں کو شکست دی جاسکے۔

Related Articles