اسلامک سنٹر کی سماجی خدمات قابل تقلید ہیں: برجیش پاٹھک
آدم کچن وآدم مال کا تیسرا سالانہ جلسہ ہوا
لکھنو:جنوری۔اسلامک سنٹر آف انڈیا فرنگی محل لکھنؤکے زیر اہتمام ’’آدم کچن وآدم مال‘‘ کو سماجی خدمات انجا م دیتے ہوئے تین برس مکمل ہوگئے ۔ ا س موقع پر ضرورت مندوں کی امداد، سماجی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے اور کارکنان کی ہمت افزائی کے لیے عیدگاہ لکھنؤمیں ایک جلسہ ہوا۔ اس کی صدارت امام عیدگاہ لکھنؤ مولانا خالد رشید فرنگی محلی چیرمین اسلامک سنٹر آف انڈیا نے کی۔ نائب وزیر اعلیٰ اترپردیش برجیش پاٹھک مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ نظامت شیخ سعود رئیس ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے کی۔ کلمات تشکر ڈاکٹر غفران راشد نے ادا کیے۔ جلسے میں متعدد علمائے کرام اور سماجی خدمت گاروں نے شرکت کی۔ برجیش پاٹھک اور دیگر مہمانوں نے ضرورت مندوں کو کمبل اور گرم کپڑے بانٹے۔اس موقع پر برجیش پاٹھک نے اسلامک سنٹرآف انڈیا اور مولانا خالد رشیدفرنگی محلی کی سماجی وفلاحی خدمات کی ستایش کی۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فرنگی محلی جس طرح سے بلا تفریق مذہب وملت انسانیت کی خدمت کررہے ہیں وہ ہم سب کے لیے باعث تقلید ہے۔ انہوںنے کہا کہ آدم کچن سے ہزاروں لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہ بہت نیک کام ہے۔ انہوںنے کہا کہ مولانا فرنگی محلی نے کووڈ اور لاک ڈائون کے زمانے میں نہایت قابل تعریف فلاحی وسماجی کام کیے ہیں۔ یہاں کے ویکسی نیشن کیمپ میں ہزاروں لوگ آئے اور ٹیکے لگوائے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت کی بھی یہی کوشش ہے کہ ہر ضرورت مند کی ضرورتیں پوری کی جائیں۔ ہماری ریاست میں ہر انسان کو روٹی ، کپڑا اور مکان ، جیسی بنیادی ضرورتیں مہیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ جس کی جتنی حیثیت ہو وہ مستحق افراد کی امداد کرے۔اس موقع پر مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہاکہ بھوکوں کو کھانا کھلانا، جو لباس سے محروم ہوں ان کو لباس مہیا کرانا اور ضرورت مندوں کی امداد کرنا دین اسلام کی بنیادی اور اہم تعلیمات وہدایات میں سے ہے۔ رسول اکرمؐ کی سیرت مبارک ، صحابہ کرام ؓ کے حالات اور اولیائے کرام کے واقعات ایسی مثالوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مخلوق خدائے کائنات کا کنبہ ہے۔ اس کنبے کے ساتھ جو اچھا سلوک کرے گا خدا تعالیٰ اس کو بہترین اجر وثواب دے گا۔مولانا فرنگی محلی نے کہاکہ آج کے اس جلسے کامقصد سماجی کارکنان کی ہمت افزائی اور آدم کچن وآدم مال کا تعارف کرانا ہے تاکہ اہل خیر اور انسانیت کا درد رکھنے والے خوش نصیب حضرات ضرورت مندوں کا زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔مولانا خالد رشید نے اسلامک سنٹرآف انڈیا کی رفاہی، فلاحی اور سماجی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آدم کچن کا آغاز ۱۵؍ نومبر ۲۰۱۹ء سے ہوا تھا اور ۶؍ جنوری ۲۰۲۳ء تک ۲۸۶۷۵۰نے اس کے اجتماعی دسترخوان سے فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک سنٹر کے زیر اہتمام جنوری ۲۰۰۱ء سے فروری ۲۰۲۰ء تک ماہانہ مفت طبی کیمپ لگتا رہا ۔ کل ۲۱۶ کیمپ لگے۔ ان میں مریضوں کی کل تعداد ۶۴۸۰۰ تھی۔ ان کی جانچیں کی گئیں، دوائیں دی گئیں۔ اسی طرح ۲۱۶۰۰ مریضوں کو مفت چشمے دیے گئے۔ انہوںنے کہا کہ کووڈ -۱۹کے لاک ڈائون کے زمانے میں اسلامک سنٹر سے ضرورت مندوں میں ۷۵۰۰۰ فوڈ پیکٹس تقسیم کیے گئے۔ ہزاروں افراد کو میڈیسن کٹس دی گئیں۔ آکسیجن سلنڈر دیے گئے۔ قبرستان کمیٹی بناکر کورونا گزیدہ متوفیوں کی تجہیز وتدفین کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرنے متعدد مستحق طلبہ وطالبات کو تعلیمی وظائف دیے۔ غریب لڑکیوں کی شادیوں کے بھی انتظامات کیے۔مولانا فرنگی محلی نے اپنی تقریر میں اہل ثروت وانسانیت دوست افراد پر زور دیا کہ وہ ضرورت مندوں کی ہر ممکن امداد کریں۔آدم کچن کے منتظم ڈاکٹر عبدالاحد نے آدم کچن وآدم مال کی تین سالہ مفصل رپورٹ پڑھی۔ انہوںنے عطیہ دہندگان اور اپنے اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ جب سے کچن کی ابتدا ہوئی ہے کچن اسٹاف نے ایک دن کا بھی ناغہ نہیںکیا ہے۔ عید الفطر اور عید الاضحی کے موقعوں پر بھی یہ لوگ مستعدی سے اپنی خدمات انجام دیتے رہے ۔ اس کے لیے ہم ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے عطیہ دہندگان اپنے جو پرانے کپڑے آدم مال میں دیتے ہیں ہم ان کو دھلواکر اپنے مال میں رکھتے ہیں اور مستحق افراد کی پسند کیے ہوئے کپڑے ان کو دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ دن میں ۴؍ بجے سے رات میں ۸؍ بجے آدم مال سے ضرورت مند کپڑے لے سکتے ہیں۔ اس موقع پر شہر کے دانشوران اور مشہور معالج کے علاوہ کثیر تعداد میںلوگ موجود تھے۔