اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، متعدد فلسطینی زیر حراست

غرب اردن،دسمبر۔کل بدھ کو قابض اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہرجنین میں ایک نہتے فلسطینی شہری کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہادت کے خلاف جگہ جگہ ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔ اس دوران قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے ان پر براہ راست فائرنگ کی،آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی اور دھاتی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔بیت لحم میں اسرائیلی فوج کے تشدد سے 18 سالہ فلسطینی نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ادھر قابض فوج نے بیت لحم کے ایک پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران 30 سالہ احمد مامون بدیر اور 24 سالہ سلوم الدبس کو حراست میں لے لیا۔قابض فوج نے حوسان کے مقام سے بیس سالہ عطااللہ زیدان محمد زعول کو حراست میں لے لیا۔رام اللہ میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے محمد عبدہ، موید فارس سمحان کو حراست میں لیا۔الخلیل شہر سے تلاشی کے دوران قابض فوج نے جمیل ابو عیاش اور یوسف عاید کو حراست میں لیا۔ادھر بیت المقدس میں تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں قصی حامد الخطیب، صالح عمر الخطیب اور عیسیٰ عودہ کو حراست میں لے لیا۔

Related Articles