ارجن سنگھ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز
چنڈی گڑھ، اپریل ۔ فضائیہ کے چوتھے مارشل ارجن سنگھ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ 2023 کا پیر کو افتتاح ہوا۔مارشل ارجن سنگھ ڈی ایف سی کے 104 ویں یوم پیدائش کی یاد میں 10 سے 15 اپریل تک رگھبیر سنگھ بھولا ہاکی اسٹیڈیم، چنڈی گڑھ میں ایئر فورس اسپورٹس کنٹرول بورڈ کی جانب سے اس ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور برطانیہ کی فضائیہ سمیت کل 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مہمان خصوصی ایئر مارشل وبھاس پانڈے اے وی ایس ایم وی ایس ایم، ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف، مینٹیننس کمانڈ نے ٹورنامنٹ کے افتتاح کا اعلان کیا۔ایئر مارشل پانڈے نے کہا کہ ہمیں ملک میں باوقار ٹورنامنٹ ارجن سنگھ میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کے ایک بار پھرانعقاد پر فخر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ملک کی باوقار ہاکی ٹیموں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور ہندوستانی فضائیہ یہ یقینی بنائے گی کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں کوئی کمی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ایئر مارشل ارجن سنگھ کو قوم کے تئیں ان کے تعاون پر اظہار تشکر کے لیے ایک قابل تحسین خراج عقیدت ہے۔اس موقع پر ہاکی کے ممتاز تجربہ کار کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا اور مختلف ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔افتتاحی میچ انڈین ایئر فورس (آئی ای ایف) اور چنڈی گڑھ الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ چنڈی گڑھ الیون کی ٹیم نے یہ میچ 3-1 گول سے جیت لیا۔ مہمان خصوصی نے مین آف دی میچ چنڈی گڑھ الیون کے گول کیپر بکرم جیت سنگھ کو 10ہزار روپے کا چیک پیش کیا۔ٹورنامنٹ کے پہلے دن ہندوستانی بحریہ نے پنجاب اینڈ سندھ بینک کے خلاف دوسرا میچ 2-0 سے جیت لیا۔