اترپردیش میں آئندہ انتخابات کے لیے نشاد پارٹی کے ساتھ بی جے پی کا اتحاد
لکھنؤ، ستمبر۔اتر پردیش میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ریاست کی مقامی نشاد پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔جمعہ کو یہاں اتر پردیش بی جے پی کے الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان ، ریاستی انچارج رادھا موہن سنگھ اور ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کی موجودگی میں اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔اس رسمی اعلان کے وقت نشاد پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر سنجے نشاد بھی موجود تھے۔ مسٹر پردھان نے اعلان کیا کہ بی جے پی کا اتحاد نشاد پارٹی کے ساتھ ہوا ہے۔ ریاست میں اگلے سال ہونے والی اسمبلی الیکشن میں دونوں پارٹیاں مل کر لڑیں گی۔اس سے قبل جمعرات کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ پر منعقد بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ میں اس کی منظوری دی گئی تھی۔مسٹر پردھان نے دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔ ایسا کیا جا رہا ہے کہ نشستوں کے حوالے سے بات چیت طے ہوچکی ہے، جس کا اعلان باہمی افہام وتفہیم کے بعد کیا جائے گا۔ مانا جاتا ہے کہ بی جے پی پورانچل میں نشاد پارٹی کو تین چار سیٹیں دے سکتی ہے۔