ائیر ڈبلیو ٹی سی فائنل کی امیدوں کے ساتھ این سی اے پہنچے

بنگلورو، مارچ ۔ ہندوستانی مڈل آرڈر بلے باز شریاس ائیر اپنی کمر میں بار بار اٹھنے والے درد کے سلسلے میں یہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) پہنچ گئے ہیں۔کرک بزکی طرف سے بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ائیر 7 جون سے ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہندوستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہوں نے سرجری سے گزرنے کے بجائے این سی اے میں متواتر علاج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ائیر جمعرات کو ایک انجکشن سے گزریں گے جس کے بعد این سی اے کا عملہ اکیڈمی میں ان کے قیام کی مدت کا فیصلہ کرے گا۔غور طلب ہے کہ ہندوستان کو انگلینڈ کے اوول گراؤنڈ میں ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔ اگر ائیر سرجری کرواتے ہیں تو وہ کم از کم چھ ماہ کے لئے کرکٹ سے دور ہوجائیں گے۔کرک بز نے ائیر کے ایک قریبی ذرائع کے حوالے سے کہا، وہ این سی اے حکام اور ماہر ڈاکٹر سے ملے ہیں۔ آپریشن کو ملتوی کرنے پر سب متفق ہیں۔ وہ ماہر کی رائے پر عمل کریں گے۔ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان ائیر اس پریشانی کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ابتدائی مرحلے سے محروم رہیں گے، حالانکہ کے کے آر کے کوچ چندرکانت پنڈت کو امید ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں کچھ نہ کچھ کردارضرور ادا کریں گے۔چندرکانت نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا، شریاس کی غیر موجودگی بہت زیادہ اثر ڈالے گی کیونکہ وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ شریاس جلد واپس آئیں گے اور اس سے ٹیم میں بہت فرق پڑے گا۔

Related Articles